مالم جبہ: سیاحوں سے زائد کرایہ وصولی کی شکایت پر ضلعی انتظامیہ کا ایکشن

سوات: سیاحتی مقام مالم جبہ میں نجی گاڑیوں سے متعلق پاکستان سٹیزن پورٹل پر موصول ہونے والی شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ نے کارروائی عمل میں لائی۔
ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر چارباغ اسد محسود نے مالم جبہ کا دورہ کیا اور پرائیویٹ کار ایسوسی ایشن کے نمائندوں سے اجلاس کیا۔ اس موقع پر ہدایت کی گئی کہ سیاحوں کو غلط معلومات فراہم کرنے، دھوکہ دہی کرنے یا مقررہ نرخوں سے زائد کرایہ وصول کرنے کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی۔
اجلاس میں پرائیویٹ کار ایسوسی ایشن کو ہدایت دی گئی کہ تمام گاڑیوں میں قابلِ دید مقامات پر سیاحتی روٹس اور ان کے مقررہ کرایوں کی فہرست آویزاں کی جائے تاکہ سیاح مکمل معلومات کی بنیاد پر سفر کا انتخاب کر سکیں۔
ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا کہ سیاحوں کے حقوق کے تحفظ، شفافیت کے فروغ اور سیاحت کے شعبے میں ناجائز منافع خوری یا دھوکہ دہی کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔



