سوات کے سپوت ہیڈ کانسٹیبل محبوب علی کو خیبرپختونخوا پولیس کا "غازی” قرار دے دیا گیا


سوات: خیبرپختونخوا پولیس نے سوات سے تعلق رکھنے والے ہیڈ کانسٹیبل محبوب علی کو ان کی غیر معمولی بہادری، جرات اور پیشہ ورانہ خدمات کے اعتراف میں "غازی” کا اعزاز دے دیا۔
یہ اعزاز یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر پشاور میں منعقدہ مرکزی تقریب کے دوران دیا گیا، جہاں صوبائی حکومت اور پولیس کے اعلیٰ حکام نے ان کی خدمات کو سراہا۔
پولیس کے مطابق ہیڈ کانسٹیبل محبوب علی نے لوئر دیر میں فرائض کی انجام دہی کے دوران مسلح افراد کے خلاف ایک کارروائی میں غیر معمولی دلیری، فرض شناسی اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا، جس پر انہیں خیبرپختونخوا پولیس کی جانب سے "غازی” قرار دیا گیا۔
تقریب کے دوران ان کی زندگی، پیشہ ورانہ خدمات اور قربانیوں پر مبنی ایک خصوصی دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی، جس میں ان کی خدمات کو اجاگر کیا گیا۔ یہ ڈاکومنٹری بعد ازاں مختلف الیکٹرانک، ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی نشر کی گئی۔
اس موقع پر غازی ہیڈ کانسٹیبل محبوب علی نے یہ اعزاز اپنے والد، سابق پولیس لائن آفیسر سوات مرحوم احمد جان، اور خیبرپختونخوا پولیس کے تمام شہداء کے نام کرتے ہوئے کہا کہ پولیس شہداء کی قربانیاں قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

Show More
Back to top button