سوات: شدید بارشوں کے پیشِ نظر ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو 1122 کا فضاگٹ واٹر ریسکیو پوائنٹ کا دورہ، 60 سے زائد افراد محفوظ مقامات پر منتقل

سوات: مالم جبہ میں جاری شدید بارشوں اور دریائے سوات میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کے پیشِ نظر ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو 1122 نے حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیے ہیں۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس اینڈ پلاننگ) سید نعمان علی شاہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف اینڈ ہیومن رائٹس) نعمت اللہ اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر سید شعیب منصور نے فضاگٹ بائی پاس پر قائم واٹر ریسکیو پوائنٹ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے واٹر ریسکیو ٹیموں کی تیاری، حفاظتی انتظامات اور دریائے سوات کے کنارے جاری اقدامات کا جائزہ لیا۔

دورے کے دوران ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو 1122 کی مشترکہ کارروائی کے تحت دریائے سوات کے کناروں پر موجود 60 سے زائد شہریوں اور سیاحوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، جبکہ انہیں خراب موسم اور دریا کے بڑھتے ہوئے بہاؤ کے پیشِ نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر سید شعیب منصور نے شہریوں اور سیاحوں سے اپیل کی کہ وہ بارشوں کے دوران دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی ریلوں کے قریب جانے سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں فوری طور پر ریسکیو 1122 سے رابطہ کریں۔

Show More
Back to top button