سیدو میڈیکل کالج میں ورلڈ بریسٹ فیڈنگ منتھ 2026 کی افتتاحی تقریب، ماں کے دودھ کے فروغ پر زور

سوات: سیدو میڈیکل کالج میں ورلڈ بریسٹ فیڈنگ منتھ 2026 کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس میں محکمہ صحت کے افسران، ڈاکٹرز، نیوٹریشن پروگرام کے نمائندوں اور دیگر متعلقہ افراد نے شرکت کی۔
تقریب میں ماں کے دودھ کے فروغ، تحفظ اور معاونت کے لیے مشترکہ اقدامات مزید مؤثر بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر فخر عالم نے کہا کہ ماں کا دودھ نومولود کے لیے بہترین غذا ہے اور ضلع سوات میں اس حوالے سے آگاہی مہم کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔ ان کے مطابق ورلڈ بریسٹ فیڈنگ منتھ کے دوران مختلف صحت مراکز میں آگاہی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔
ڈسٹرکٹ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور گائناکالوجسٹ ڈاکٹر سائمہ نے کہا کہ پیدائش کے پہلے گھنٹے میں بچے کو ماں کا دودھ پلانا اور ابتدائی چھ ماہ تک صرف ماں کا دودھ دینا بچے کی صحت اور نشوونما کے لیے اہم ہے، جبکہ اس کے بعد مناسب تکمیلی غذا کے ساتھ بریسٹ فیڈنگ جاری رکھنی چاہیے۔
ڈسٹرکٹ نیوٹریشن منیجر ناصر علی خان نے شرکاء کو ورلڈ بریسٹ فیڈنگ منتھ 2026 کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع سوات کے مختلف صحت مراکز اور او ٹی پی سائٹس میں پورے ماہ آگاہی سیشنز، کمیونٹی موبلائزیشن اور کونسلنگ سرگرمیاں جاری رہیں گی۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے ماں اور بچے کی صحت میں بہتری کے لیے بریسٹ فیڈنگ کے فروغ، تحفظ اور معاونت سے متعلق مشترکہ اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔



