امیر مقام کا شانگلہ میں دانش اسکول کی تعمیر کا اعلان، کوئلہ کان حادثے کے شہداء کے لواحقین میں امدادی چیکس تقسیم

شانگلہ: وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ زمین کی دستیابی کے ساتھ ہی شانگلہ میں دانش اسکول کی تعمیر شروع کردی جائے گی، جہاں مقامی بچوں کو مفت تعلیم فراہم کی جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جرگہ ہال الپوری میں کوئٹہ کوئلہ کان حادثے کے شہداء کے لواحقین میں مالی امداد کے چیکس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انجینئر امیر مقام نے کہا کہ کوئٹہ کوئلہ کان حادثے کی ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے اور تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی بھی قائم کردی گئی ہے۔ ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں مزید امدادی چیکس بھی جلد فراہم کیے جائیں گے۔ شہید مزدوروں کے بچوں کے تعلیمی اخراجات ورکرز ویلفیئر فنڈ برداشت کرے گا، جس میں فیس، ہاسٹل اور دیگر تعلیمی اخراجات شامل ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ شانگلہ کے مزدور ملک کے مختلف حصوں میں کام کر رہے ہیں، ان کی سہولت کے لیے شانگلہ میں ای او بی آئی کا دفتر قائم کیا جائے گا۔ کوئلہ کانوں کو محفوظ بنانے کے لیے چاروں صوبوں کے نمائندوں اور مزدوروں کے نمائندوں کے درمیان مشاورت پر بھی زور دیا۔
امیر مقام نے مزید کہا کہ سکل ڈیولپمنٹ اسکیم کے ذریعے شانگلہ کے نوجوانوں کو ہنرمند بنایا جائے گا اور علاقے کی ترقی کے لیے مزید اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
تقریب میں رکن صوبائی اسمبلی محمد رشاد خان، ڈپٹی کمشنر شانگلہ، ورکرز ویلفیئر فنڈ کے سیکرٹری ذوالفقار خان، مسلم لیگ (ن) کے مقامی عہدیداران، متعلقہ حکام اور متاثرہ خاندانوں کے افراد نے شرکت کی۔



