سوات: ٹریفک پولیس اہلکار پر تشدد، ڈی پی او کا سخت نوٹس، ایک ملزم گرفتار

سوات: بائی پاس چوک میں ٹریفک ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکار پر تشدد کے واقعے کا ڈی پی او سوات محمد عمر خان نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کروا دیا، جبکہ دیگر دو ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی۔
ترجمان سوات پولیس کے مطابق ملزمان نے سگنل کی خلاف ورزی کی تھی، جس پر ٹریفک پولیس اہلکار نے انہیں روکا۔ اس دوران مبینہ طور پر ملزمان نے اہلکار پر تشدد کیا، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگیا۔
ڈی پی او کے نوٹس پر تھانہ بنڑ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا، جبکہ دیگر دو ملزمان کی گرفتاری کے لیے تلاش جاری ہے۔
زخمی پولیس اہلکار کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ڈی پی او سوات محمد عمر خان نے کہا کہ قانون سے بالاتر کوئی نہیں، قانون سب کے لیے یکساں ہے۔ وردی میں ملبوس پولیس اہلکار پر تشدد کرنے والے کسی شخص سے رعایت نہیں برتی جائے گی۔



