سوات میں ضلعی سٹیئرنگ کمیٹی برائے تعلیم کا اجلاس، سرکاری اسکولوں کی کارکردگی اور تعلیمی معیار کا جائزہ

سوات: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) سوات محب اللہ خان یوسفزئی کی زیرِ صدارت ضلعی سٹیئرنگ کمیٹی برائے محکمہ تعلیم کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر کے سرکاری اسکولوں کی کارکردگی، تعلیمی امور اور ماہانہ مانیٹرنگ رپورٹ کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز (مردانہ و زنانہ)، سب ڈویژنل آفیسرز محکمہ تعلیم، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفس ایجوکیشن کے نمائندگان اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفس کے نمائندے نے ضلع سوات میں محکمہ تعلیم کی ماہانہ کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، جس میں اساتذہ اور طلبہ کی حاضری، تدریسی سرگرمیوں، تعلیمی معیار اور سرکاری اسکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی سے متعلق امور پر روشنی ڈالی گئی۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) سوات محب اللہ خان یوسفزئی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام سرکاری اسکولوں میں معیاری تعلیم کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے مانیٹرنگ نظام کو مزید مؤثر اور شفاف بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی شعبے میں بہتری اور طلبہ کو سازگار تعلیمی ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ معیاری تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ طلبہ کی حاضری میں اضافے، تدریسی عمل کو مؤثر بنانے اور سرکاری اسکولوں کی باقاعدہ نگرانی کے لیے اقدامات مزید تیز کیے جائیں۔

اجلاس کے اختتام پر ضلع سوات میں تعلیمی نظام کی بہتری، مانیٹرنگ کے مؤثر طریقہ کار اور طلبہ کو بہتر تعلیمی سہولیات کی فراہمی سے متعلق مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔

Show More
Back to top button