بریکوٹ میں آڑو کے کاشتکاروں کے لیے تربیتی پروگرام، جدید زرعی طریقوں سے آگاہی

سوات: ضلعی انتظامیہ سوات اور محکمہ زراعت شعبہ توسیع کے زیرِ اہتمام تحصیل بریکوٹ میں آڑو کے کاشتکاروں کے لیے ایک روزہ تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس میں محکمہ زراعت کے افسران، فارم سروس سینٹر بریکوٹ کی مینجمنٹ کمیٹی کے اراکین اور بڑی تعداد میں کاشتکاروں نے شرکت کی۔
تربیتی پروگرام سے ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر زراعت سوات ظہیر احمد، ایس ایم ایس ہارٹیکلچر ساجد خان اور تحصیل بریکوٹ کے انچارج نعیم خان نے خطاب کیا۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر زراعت سوات ظہیر احمد نے کاشتکاروں کو آڑو کی بہتر پیداوار، بیماریوں اور کیڑوں کے تدارک، فروٹ فلائی ٹریپس کے استعمال اور جدید زرعی طریقوں کے حوالے سے تفصیلی آگاہی فراہم کی۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت کی کوشش ہے کہ کاشتکاروں کو جدید زرعی ٹیکنالوجی اور بروقت رہنمائی فراہم کی جائے تاکہ وہ بہتر پیداوار حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے مسائل مقامی سطح پر حل کر سکیں۔
ظہیر احمد نے کاشتکاروں کو کسان کارڈ کی ایکٹیویشن کے حوالے سے بھی آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ تحصیل بریکوٹ، کبل اور بابوزئی سے تعلق رکھنے والے زمیندار اپنے متعلقہ محکمہ زراعت کے دفاتر سے کسان کارڈ مفت ایکٹیویٹ کرا سکتے ہیں۔
تربیتی پروگرام کے دوران ایس ایم ایس ہارٹیکلچر ساجد خان نے آڑو کی فصل کو درپیش بیماریوں، کیڑوں اور ان کے تدارک کے طریقوں پر روشنی ڈالی، جبکہ نعیم خان نے کاشتکاروں پر زور دیا کہ وہ زرعی رہنمائی اور مسائل کے حل کے لیے محکمہ زراعت سے رابطہ رکھیں۔
پروگرام کے اختتام پر ماہرینِ زراعت نے کاشتکاروں کے سوالات کے جوابات دیے اور انہیں آڑو کی معیاری پیداوار، فصل کے تحفظ اور جدید کاشتکاری کے طریقوں کے حوالے سے عملی رہنمائی فراہم کی۔



