فلک سر پر کوہ پیما میاں سید علی شاہ کی میت کی ریکوری کے لیے ہیلی کاپٹر آپریشن جاری

سوات: فلک سر مٹلتان کالام پر موجود کوہ پیما میاں سید علی شاہ کی میت کی ریکوری کے لیے ہیلی کاپٹر کے ذریعے ریسکیو آپریشن دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ہیلی کاپٹر کے ذریعے ریسکیو ٹیم کے اہلکاروں کو فلک سر بیس کیمپ منتقل کیا جا رہا ہے، جہاں سے ٹیم دشوار گزار چوٹی پر موجود میت کی ریکوری کے لیے آپریشن کا آغاز کرے گی۔
ریسکیو مشن میں سکردو سے تعلق رکھنے والی ماہر ٹیم بھی شامل ہے، جبکہ مقامی افراد احمد زیب اور صدام بھی آپریشن کا حصہ ہیں۔ پہلے مرحلے میں ریسکیو اہلکاروں کو فلک سر بیس کیمپ پہنچایا جا رہا ہے، جس کے بعد ٹیم میاں سید علی شاہ کی میت کو محفوظ طریقے سے واپس لانے کی کوشش کرے گی۔
اسسٹنٹ کمشنر بحرین کے مطابق پاک فوج نے میت کی ریکوری کے لیے ہیلی کاپٹر فراہم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیڈ باڈی نکالنے کے لیے کوششیں جاری ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ میاں سید علی شاہ کی میت جلد از جلد ریکور کی جائے۔
اے سی بحرین کے مطابق دشوار گزار علاقے اور مشکل موسمی حالات کے باعث میت کی ریکوری میں مشکلات کا سامنا ہے، تاہم ریسکیو ٹیمیں آپریشن مکمل کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہیں۔



