49 مقدمات میں مطلوب ممتاز عرف ممتازے پولیس مقابلے میں مارا گیا، دو اہلکار زخمی

پشاور: قتل، اقدامِ قتل، ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری، اغوا، راہزنی، غیر قانونی اسلحہ رکھنے، پولیس پر حملوں، شہریوں کی جائیدادوں پر مبینہ قبضے اور خوف و ہراس پھیلانے سمیت 49 مقدمات میں خیبرپختونخوا پولیس کو مطلوب ممتاز عرف ممتازے مارا گیا۔
پولیس کے مطابق ممتاز عرف ممتازے کو انٹرپول کے ذریعے بحرین سے پشاور منتقل کیا گیا تھا۔ شاہپور تھانے کی حدود میں مسلح افراد نے اسے لانے والی پولیس پارٹی پر حملہ کردیا۔
پشاور پولیس کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ممتاز عرف ممتازے سمیت دو افراد مارے گئے، جبکہ دو پولیس اہلکار بھی زخمی ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد مزید کارروائی اور تحقیقات جاری ہیں۔



