دورانِ ڈیوٹی رائفل سے اچانک فائرنگ، ساتھی پولیس کانسٹیبل جاں بحق

سوات: دارالقضاء سوات میں دورانِ ڈیوٹی پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں پولیس کانسٹیبل سلیم خان جاں بحق ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق کانسٹیبل جمشید ڈیوٹی کے لیے رائفل وصول کر رہے تھے کہ اسی دوران مبینہ طور پر رائفل سے اچانک فائر ہوگیا، جس کی زد میں آکر کانسٹیبل سلیم خان شدید زخمی ہوگئے۔
زخمی پولیس اہلکار کو فوری طور پر سیدو شریف ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
واقعے کے بعد پولیس حکام موقع پر پہنچ گئے اور واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق رائفل سے فائر ہونے اور واقعے کے دیگر پہلوؤں کا تعین تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی ہوسکے گا۔



