کرش پلانٹس کی بندش کے خلاف مزدوروں کا نشاط چوک میں احتجاج
سوات(زما سوات ڈاٹ کام:22جنوری2018) ملاکنڈڈویژن میں کرش پلانٹس کی بندش اورٹیکس کے خلاف سیکڑوں مزدور اورکرش مشین مالکان سڑکوں پرنکل آئے۔ نشاط چوک میں ڈویژن کی سطح پر احتجاجی مظاہرہ ہواجس میں کرش پلانٹس بندش سے متاثرہ افراد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے سیاہ جھنڈے اٹھارکھے تھے۔ مظاہرین سے اپنے خطاب میں کرش پلانٹس اونرایسوسی ایشن ملاکنڈڈویژن کے چیئرمین رحمت علی خان نے کہا کہ ملاکنڈڈویژن میں کرش پلانٹس کی بندش اوراس پرٹیکس کے نفاذ سے پورے ڈویژن میں بیروزگاری کاایک ایسا سیلاب اُمڈآیاہے جس سے ہرکوئی متاثر ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملاکنڈڈویژن میں اس صورتحال کے باعث لوگوں کا معاشی قتل ہورہاہے۔ غریب اورمحنت کش افرادفاقوں پرمجبورہیں، لیکن حکمرانوں نے ان کے منہ کانوالہ بھی چھین لیاہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے حقوق کے حصول کیلئے آخری حد تک جائیں گے۔ اگرمسئلہ حل نہ ہوا،توہم اگلے مرحلے میں وزیراعلیٰ ہاؤس کاگھیراؤ کریں گے، جس کی تمام ترذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔