اشتہار

عیدالاضحیٰ 2026: سوات میں خصوصی صفائی پلان، ٹی ایم اے عملے کی چھٹیاں منسوخ

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اور وزیر بلدیات کی خصوصی ہدایات پر آر ایم او سرفراز خان اور ڈپٹی کمشنر سوات کی سربراہی میں تمام ٹی ایم اے اہلکاروں کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں عیدالاضحیٰ کے دوران خصوصی صفائی اور انتظامی پلان ترتیب دیا گیا۔

اجلاس میں عید کے تین سے چار دنوں کے دوران مختلف علاقوں میں صفائی، قربانی کے آلائشوں کی بروقت منتقلی اور عوامی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلی حکمت عملی تیار کی گئی۔ اس موقع پر تمام اہلکاروں کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں ایمانداری، ذمہ داری اور بھرپور جذبے کے ساتھ سرانجام دیں تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اشتہار

آر ایم او سرفراز خان نے ہدایت جاری کی کہ قربانیوں کے بعد آلائشوں اور گندگی کو فوری طور پر مقررہ مقامات تک منتقل کرنے کیلئے تمام ٹیمیں اپنی مکمل مشینری اور گاڑیوں کے ساتھ فیلڈ میں متحرک رہیں۔ انہوں نے کہا کہ صفائی کے نظام کو مؤثر بنانے کیلئے عید کے چار دنوں کی چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے تمام عملے کو ڈیوٹیوں پر مامور رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر سوات کی نگرانی میں خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں جو عید کے دنوں میں مسلسل فیلڈ میں موجود رہیں گی اور صفائی کے نظام کی مؤثر نگرانی کریں گی۔

اجلاس میں متعلقہ افسران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کو صاف ستھرا اور بہتر ماحول فراہم کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

اشتہار

اشتہار