حلال فوڈ اتھارٹی نے کارروائیاں تیز کردی،لنڈاکے چیک پوسٹ پر آپریشن
سوات (زما سوات ڈاٹ کام)خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے رمضان المبارک میں سوات سمیت تمام اہم بازاروں اور شاہراہوں پر مضر صحت غذائی اشیاء کی چیکنگ کا عمل اور دائرہ کار مزید بڑھا دیا ہے اتھارٹی کی ٹیم نے محکمہ افزائش حیوانات کے ڈاکٹروں کے تعاون سے لنڈکی چیک پوسٹ پر حالیہ کاروائی کے دوران خوراکی مواد لانے والی گاڑیوں کا معائنہ کیا اور رمضان کے حوالے سے خصوصی آپریشن رات گئے 24 گھنٹے جاری رکھا اس دوران پنجاب سے آمدہ مختلف بسوں اور پک اپ گاڑیوں سے سات سو کلوگرام سے زائد خراب گوشت اور تین سو کلوگرام دودھ برآمد کرلیا گیا گوشت کو بڑے بڑے کولروں میں برف کے ساتھ ٹھونسا گیا تھا اس میں مویشیوں کی کلیجی، جگر اور دیگر کئی اعضاء شامل تھے جنہیں موقع پر ہی ٹیسٹنگ کے عمل سے گذارنے اور مضر صحت ہونے کی تصدیق کے بعد ضائع کر دیا گیا جبکہ گوشت لیجانے والی گاڑیوں کے مالکان پربھاری جرمانے عائد کرکے انکی موقع پر وصولی بھی یقینی بنائی گئی اس سلسلے میں اتھارٹی کے ریجنل ڈائریکٹر محمد اسد قاسم کا کہنا تھا کہ انکی سرکردگی میں اتھارٹی کے غذائی ماہرین کی ٹیم نے سوات کی ضلعی انتظامیہ اور محکمہ افزائش حیوانات کے تعاون سے ملاکنڈ شاہراہ پر گوشت، دودھ اور دیگر غذائی اشیاء لیجانے والی گاڑیوں کی چیکنگ شروع کی تاکہ ان اشیاء کا معیار جانچا جا سکے اور عوامی صحت کو یقینی بنایا جا سکے یہ عمل رات گئے تک جاری رہا اس دوران معائنہ ٹیم نے کاروائی کرتے ہوئے سوات میں خوراک کا سامان لے جانے والی چند گاڑیوں کا معائنہ کیا تو لاہور سے بسوں کے ذریعے لایا جائے والا ایسا گوشت بھی بھاری مقدار میں برآمد ہوا جو انتہائی غیر محفوظ اور انسانی صحت کیلئے قطعی مضر تھا اس میں جانوروں کی کلیجی، جگر اور دیگر اعضاء بھی شامل تھے یہ تمام مضر صحت گوشت محکمہ لائیو سٹاک کے تعاون سے تلف کر دیا گیا یہ کاروائی اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر اسد قاسم کی زیر قیادت اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد عباس، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سجاد احمد اور لائیو سٹاک کے ڈاکٹر سردار علی نے ذاتی نگرانی میں انجام دی اسکے علاؤہ گاڑیوں میں لدے چار ہزار لیٹر سے زائد دودھ کا معائنہ بھی کیا گیا جس میں بیشتر کو محفوظ قرار دے کر آگے روانہ کیا گیا تاہم تین سو لیٹر دودھ خراب پاکر موقع پر ضائع کر دیا گیا درایں اثناء اتھارٹی کے ریجنل ڈائریکٹر نے واضح کیا ہے کہ سوات کے عوام کو حفظان صحت کے مطابق پاک صاف اور معیاری غذائی اشیاء کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی اور اس ضمن میں ہمارے عزم میں معمولی لغزش بھی نہیں آئے گی اور رمضان المبارک کے بعد بھی ہماری مہم جاری رہے گی۔