منگلور: سول ہسپتال اور نرسنگ کالج کے درمیان تنازع خوش اسلوبی سے حل

سوات (نمائندہ خصوصی) سول ہسپتال منگلور اور دلشاد نرسنگ کالج کے طلبہ کے مابین چند روز قبل پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے کا معاملہ جرگے کے ذریعے خوش اسلوبی سے حل کر لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر سوات شہزاد محبوب کی ہدایت پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر-II بابوزئی طارق خان، محکمہ صحت کے حکام، اور مقامی عمائدین کی موجودگی میں فریقین کے درمیان صلح کرائی گئی۔
جرگے میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر، ای پی آئی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر لیاقت علی خان، متوڑیزئی قومی جرگہ، منگلور جرگہ، دلشاد نرسنگ کالج کی پرنسپل اور سول ہسپتال کے نمائندگان نے شرکت کی۔ محکمہ صحت کے حکام نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے غیر مشروط معذرت پیش کی اور تمام اداروں پر باہمی احترام، برداشت اور تعاون پر زور دیا۔
جرگے کے نتیجے میں فریقین کے درمیان باہمی رضامندی سے صلح طے پا گئی۔ دلشاد نرسنگ کالج کی پرنسپل نے ڈاکٹر لیاقت علی خان کو آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ذمہ داری سونپی۔ ضلعی انتظامیہ نے مسئلے کو پرامن انداز میں حل کرنے پر تمام فریقین کا شکریہ ادا کیا۔