آج کی خبریںسوات کی خبریں

مہوڈنڈ میں پھنسے ہوئے 25 افراد واپس گھر پہنچ گئے

سوات(زما سوات ڈاٹ کام )مہوڈنڈ میں پھنسے ہوئے25افراد گھر واپس پہنچ گئے، مقامی لوگوں نے کامیاب ریسکیو آپریشن  کے بعد پھنسے ہوئے افراد کا پتہ لگا لیا۔

سوات کے بالائی علاقوں میں حالیہ شدید برف باری کے باعث رابطہ سڑکیں بند ہوگئی ہیں جس کی وجہ سے ہزاروں افراد گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں۔ گزشتہ تین دنوں سے سیاحتی مقام مہوڈنڈ میں  پچیس افراد  سڑکوں کی بندش کی وجہ سے پھنس گئے تھے جس کو بحفاظت واپس لانے کے لئے انتظامیہ کی جانب سے کسی قسم کے اقدامات نہیں کئے گئے تھے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ مہوڈنڈ میں پھنسے ہوئے افراد وہاں پر ریسٹورنٹ،ہوٹلز اور جھیل میں کشتی رانی کا کام کرتے ہیں اور سیاحوں کی متوقع آمد کے پیش نظر وہ مہوڈنڈ میں انتظامات کرنے کے لئے گئے ہوئے تھے۔

پھنسے ہوئے افراد کو ریسکیو کرنے کے لئے مٹلتان کے مقامی افراد جن کی تعداد چالیس تھی،نے گزشتہ روز مہوڈنڈ کی طرف پیش قدمی کی اور شدید برف میں راستے بناتے ہوئے اجگل کے مقام پر پہنچ گئے۔

سابقہ نائب ناظم اوشو مٹلتان انجینئر سعید نے بتایا کہ جب وہ اجگل پہنچے تو مذکورہ افراد بھی وہاں پر شدید مشکلات کا سامنا کرنے کے بعد ان کے پاس پہنچ گئے انہوں نے رات وہاں پر مسجد میں گزاری اور بدھ کی صبح واپس اپنے علاقے پہنچ گئے۔

مہوڈنڈ میں پھنسے ہوئے افراد جب واپس اپنے علاقے پہنچ گئے تو علاقے میں جشن کا سا سماں بندھ گیا اور لوگ ایک دوسرے کو مبارکباد دیتے رہے۔

Related Articles

Loading...
Back to top button