دیر اپر میں تین اہم سیاحتی سڑکوں کی تعمیر کی منظوری، سیاحتی مقامات تک رسائی بہتر ہوگی

دیر اپر: خیبرپختونخوا حکومت نے ضلع دیر اپر میں تین اہم سیاحتی سڑکوں کی تعمیر کی منظوری دے دی ہے، جن کا مقصد سیاحتی مقامات تک رسائی بہتر بنانا اور مقامی معیشت کو فروغ دینا ہے۔
منصوبوں کے تحت 8 کلومیٹر برکنڈ اشیر تا کنڈاو ٹاپ روڈ 433.39 ملین روپے، 6 کلومیٹر ڈنکر جندرے تا کٹورا جھیل روڈ 341.28 ملین روپے اور 5 کلومیٹر اشریت گوالدی تا سربانڈہ سمت روڈ 312.51 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر کی جائے گی۔
حکومتی اعلامیے کے مطابق ان منصوبوں سے سیاحتی مقامات تک رسائی آسان ہوگی، جس سے ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی آمد میں اضافہ، مقامی ہوٹلنگ، ٹرانسپورٹ، کاروباری سرگرمیوں اور روزگار کے مواقع میں بہتری متوقع ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حکومت صوبے میں سیاحتی انفراسٹرکچر کی بہتری اور پائیدار سیاحت کے فروغ کے لیے مختلف منصوبوں پر کام جاری رکھے ہوئے ہے۔



