سوات: خوازہ خیلہ میں نوجوان کے قتل کیس میں پولیس کی بڑی کارروائی، چار ملزمان گرفتار، دو مفرور
سوات (عارف احمد) تھانہ خوازہ خیلہ پولیس نے نوجوان کے قتل کے مقدمے میں فوری کارروائی کرتے ہوئے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ دو مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔
ترجمان سوات پولیس کے مطابق گزشتہ شب تھانہ خوازہ خیلہ کی حدود میں نوجوان سلیمان خان ولد فضل خالق کے قتل کا واقعہ پیش آیا تھا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور مقتول کے چچا کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کیا۔
ڈی پی او سوات محمد عمر خان کے فوری نوٹس پر ایس ایچ او تھانہ خوازہ خیلہ نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے مقدمے میں نامزد ملزمان سید باچا اور خان باچا پسران گل باچا، مسماۃ (ج) زوجہ فضل خالق اور مسماۃ (ش) دختر فضل خالق، ساکنان اتروڑ حال خوازہ خیلہ، کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق مقدمے میں نامزد دو دیگر ملزمان، ذیشان ولد سید باچا اور ریاض ولد خان باچا، تاحال مفرور ہیں، جن کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ابتدائی تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ ملزمان نے مبینہ طور پر گھریلو ناچاقی کے باعث اپنے والدین اور دیگر رشتہ داروں کے اکسانے پر سلیمان خان کو فائرنگ کرکے قتل کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔



