سوات: چپریال میں جنازے کے دوران فائرنگ، پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما سمیع اللہ جاں بحق، ایک شخص زخمی

سوات (عارف احمد) تحصیل مٹہ کے علاقے چپریال میں جنازے کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں پاکستان پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما سمیع اللہ جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق سمیع اللہ ایک جنازے میں شریک تھے کہ اسی دوران نامعلوم ملزمان نے اچانک فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں سمیع اللہ، سکنہ چپریال، موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ ان کے قریب کھڑا ایک شخص زخمی ہو گیا، جسے فوری طور پر ابتدائی طبی امداد کے بعد سیدو شریف ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی مرحوم سمیع اللہ کے دیرینہ ساتھی نجیب اللہ اور ان کے بڑے بھائی صدمے سے بے ہوش ہو گئے، جنہیں تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال مٹہ منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق دونوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
فائرنگ کے واقعے کی اطلاع ملتے ہی بڑی تعداد میں کارکن، رشتہ دار اور مقامی افراد سیدو شریف ہسپتال پہنچ گئے، جبکہ پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر اور ہسپتال میں تعینات کر دی گئی۔
ابتدائی معلومات کے مطابق واقعے کے حوالے سے تاحال کسی نے ذمہ داری قبول نہیں کی، جبکہ مقتول سمیع اللہ کا پوسٹ مارٹم جاری ہے۔



