سوات: دریائے سوات میں نہانے پر پابندی، ضلعی انتظامیہ کا کبل میں کریک ڈاؤن

سوات (عارف احمد) ڈپٹی کمشنر سوات کی ہدایات پر دریائے سوات میں نہانے پر عائد دفعہ 144 کے تحت ضلعی انتظامیہ نے تحصیل کبل میں کارروائی کرتے ہوئے متعدد بچوں اور نوجوانوں کو دریا سے باہر نکال دیا۔

ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر کبل سید سردار بادشاہ نے برہ بانڈئی کے مقام پر دریائے سوات کے کناروں کا دورہ کیا، جہاں نہانے میں مصروف نوجوانوں کو فوری طور پر دریا سے باہر نکالا گیا۔ اس موقع پر انہیں دریائے سوات کے تیز بہاؤ سے لاحق خطرات سے آگاہ کیا گیا اور دفعہ 144 پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔

ضلعی انتظامیہ نے عوام، بالخصوص سیاحوں اور نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ اپنی جانوں کے تحفظ کے لیے دریاؤں، ندی نالوں اور دیگر خطرناک آبی مقامات پر نہانے سے گریز کریں اور انتظامیہ کی جاری کردہ ہدایات پر مکمل عمل کریں۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق عوام کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Show More
Back to top button