ایس ڈی پی او سرکل سٹی کا جامع مسجد ملوک آباد میں علاقائی عمائدین کے ساتھ منشیات کی روک تھام کے حوالے سے ملاقات

سوات: ڈی پی او سوات محمد عمر خان کی ہدایات کی روشنی میں ایس ڈی پی او سٹی محمد نصیر نے نمازِ جمعہ کے بعد جامع مسجد ملوک آباد میں منشیات کی روک تھام کے حوالے سے علاقائی عمائدین سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران ایس ڈی پی او سٹی نے شرکاء سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ منشیات کی لعنت نہ صرف نوجوان نسل کی تباہی کا سبب بن رہی ہے بلکہ پورے معاشرے کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ منشیات فروشوں اور دیگر مجرمانہ عناصر کو علاقے میں کسی قسم کی چھوٹ نہیں دی جائے گی، اور عوام کو چاہیے کہ وہ ایسے افراد کی نشاندہی کرکے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں۔
انہوں نے مزید کہا منشیات جیسے ناسور اور قبیح دھندوں میں ملوث ہر شخص کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ لہٰذا ایک ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے پولیس کا ساتھ دیں۔ پولیس اور عوام کا باہمی تعاون ہی واحد راستہ ہے جس سے ہم اس ناسور سے نجات پا سکتے ہیں۔
اس موقع پر موجود لوگوں نے پولیس کے ساتھ ہر قسم تعاون یقینی بنانے کا عہد کیا اور امن و امان کے قیام میں پولیس کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہونے کی یقین دہانی کرائی۔



