پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے "خیبرپختونخوا اوپن وائی فائی” منصوبے کا افتتاح کر دیا، سوات سمیت تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز تک توسیع کا اعلان

پشاور (عارف احمد): وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے "خیبرپختونخوا اوپن وائی فائی” منصوبے کا باضابطہ افتتاح کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ پہلے مرحلے میں پشاور کے اہم سرکاری مقامات، سرکاری ہسپتالوں اور پبلک ٹرانسپورٹ کے مراکز پر شہریوں کو مفت وائی فائی کی سہولت فراہم کی جائے گی، جبکہ اگلے مرحلے میں اس منصوبے کو سوات، ایبٹ آباد، مردان، کوہاٹ، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان سمیت تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز تک توسیع دی جائے گی۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے کی تمام سرکاری جامعات اور کالجوں میں بھی مفت وائی فائی کی سہولت فراہم کی جائے گی تاکہ طلبہ جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا تقریباً 70 سے 80 فیصد ڈیجیٹل گورننس کی جانب پیش رفت کر چکا ہے اور حکومت مرحلہ وار تمام سرکاری خدمات کو پیپر لیس بنانے پر کام کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے وژن کے مطابق ڈیجیٹل سہولیات ہر شہری تک پہنچائی جائیں گی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ انٹرنیٹ نوجوانوں کے لیے روزگار، ای کامرس اور کاروبار کے نئے مواقع پیدا کر رہا ہے، جبکہ نوجوانوں کو معاشی مواقع فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے سوشل میڈیا کو محدود کرنے کے لیے انٹرنیٹ سست کرنے کے عمل کو قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے نوجوانوں کے روزگار اور کاروباری سرگرمیوں کو نقصان پہنچتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ضم اضلاع میں آج بھی انٹرنیٹ تو درکنار، موبائل فون سروس بھی مکمل طور پر دستیاب نہیں۔

محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں تجارت کے مواقع محدود ہونے اور سرحدی راستوں کی بندش سے عوام مزید مشکلات کا شکار ہوئے ہیں، جبکہ ایسے اقدامات دہشت گردی کے خاتمے کے بجائے مسائل میں اضافے کا سبب بن رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت عوام کے ووٹ سے قائم ہوئی ہے اور عوامی خدمت اس کی اولین ترجیح ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مالی سال 2026-27 خیبرپختونخوا میں امن، ترقی اور خوشحالی کا سال ثابت ہوگا۔

Show More
Back to top button