سوات: منشیات کے خلاف پولیس متحرک، ایس ڈی پی او سٹی کا جامع مسجد نویکلے میں آگاہی خطاب

سوات: ڈی پی او سوات محمد عمر خان کی ہدایات پر ایس ڈی پی او سرکل سٹی محمد نصیر نے نمازِ جمعہ کے بعد جامع مسجد نویکلے میں نمازیوں سے خطاب کرتے ہوئے منشیات کے نقصانات اور اس کے تدارک کے حوالے سے آگاہی دی۔
ایس ڈی پی او محمد نصیر نے کہا کہ منشیات نوجوان نسل اور پورے معاشرے کے لیے سنگین خطرہ ہے، اس کے خاتمے کے لیے شہری پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک فرد یا سرگرمی کی بروقت اطلاع قریبی پولیس اسٹیشن کو دیں۔
انہوں نے کہا کہ منشیات کے خلاف مؤثر کارروائی کے لیے عوام کا تعاون ناگزیر ہے اور شہری اپنی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے پولیس کو بروقت اطلاع فراہم کریں۔
اس موقع پر نمازیوں نے منشیات کے خاتمے اور علاقے میں امن و امان کے قیام کے لیے پولیس کے ساتھ ہر ممکن تعاون کا عزم ظاہر کیا۔



