مینگورہ پولیس کی بڑی کارروائی، آن لائن ٹرانزیکشن کے ذریعے دکانداروں کو لوٹنے والا بین الصوبائی نوسرباز گینگ گرفتار

سوات: تھانہ مینگورہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے آن لائن ٹرانزیکشن کے ذریعے دکانداروں کو مبینہ طور پر لوٹنے والے بین الصوبائی نوسرباز اور جعلساز گینگ کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق گزشتہ روز مینگورہ بازار کے دکانداروں کی جانب سے آن لائن ٹرانزیکشن کے ذریعے رقم ہتھیانے کی متعدد شکایات موصول ہوئی تھیں۔
ڈی پی او سوات محمد عمر خان کے نوٹس پر ایس ڈی پی او سٹی محمد نصیر کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ مینگورہ مجیب عالم خان نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے سی سی ٹی وی فوٹیج اور جدید تکنیکی ذرائع کی مدد سے ملزمان کو گرفتار کیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں 3 خواتین اور 4 مرد شامل ہیں، جن کی شناخت ملزمہ (ص)، ملزمہ (م)، ملزمہ (ر)، محمد دین، ندیم، سلیم ساکنان اوکاڑہ پنجاب اور غنی ساکن لاہور کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے مبینہ طور پر دھوکہ دہی کے ذریعے مختلف دکانوں سے ہتھیائی گئی 7 لاکھ 30 ہزار روپے کی رقم برآمد کر لی گئی ہے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔



