سوات میں جعلی درہم کے ذریعے شہریوں کو دھوکہ دینے کی کوشش ناکام، افغان شہری سمیت دو ملزمان گرفتار

سوات (عارف احمد) تھانہ خوازہ خیلہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی غیر ملکی کرنسی کے ذریعے شہریوں کو دھوکہ دینے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے افغان شہری سمیت دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق ڈی پی او سوات محمد عمر خان کی ہدایات پر ایس ایچ او تھانہ خوازہ خیلہ محمد آیاز خان نے اپنی ٹیم کے ہمراہ موبائل گشت کے دوران ایک مشتبہ موٹر کار کو روک کر تلاشی لی، جس کے دوران ملزمان محمد داؤد، سکنہ فقیر آباد پشاور، اور عبد القیوم، سکنہ افغانستان، حال مقیم فقیر آباد پشاور کے قبضے سے 1500 جعلی یو اے ای درہم برآمد کیے گئے۔

پولیس نے دونوں ملزمان کے خلاف تھانہ خوازہ خیلہ میں مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کر لیا ہے۔ ابتدائی تفتیش کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان جعلی درہم کو پاکستانی روپے کے عوض تبدیل کرکے سادہ لوح شہریوں کو دھوکہ دینے کی کوشش کر رہے تھے۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور اس بات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے کہ آیا وہ کسی منظم گروہ کا حصہ ہیں یا نہیں۔

Show More
Back to top button