عیدالاضحیٰ 2026: سوات میں سیاحوں کی سہولت اور ٹریفک مینجمنٹ کیلئے اہم اجلاس

سلیم جان مروت کی زیر صدارت عیدالاضحیٰ 2026 کے دوران ٹریفک مینجمنٹ، سیاحوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں محمد عمر، سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سوات، متعلقہ محکموں کے افسران اور ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران عیدالاضحیٰ کی تعطیلات میں سوات آنے والے متوقع سیاحوں کے غیر معمولی رش، ٹریفک کے بہاؤ، پارکنگ انتظامات اور عوامی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر سوات نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ باہمی رابطے اور مؤثر ہم آہنگی کے ذریعے سیاحوں اور مقامی شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں۔
ضلعی انتظامیہ نے ٹریفک پولیس، ٹورازم پولیس، ریسکیو 1122، لوکل گورنمنٹ اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کی کہ سیاحتی مقامات، مرکزی شاہراہوں، بازاروں اور تفریحی مقامات پر اضافی نفری تعینات کی جائے تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رہے اور عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کالام، بحرین، مدین اور مالم جبہ سمیت اہم سیاحتی علاقوں میں ٹریفک مینجمنٹ پلان پر مؤثر عمل درآمد کیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے متبادل پارکنگ، ٹریفک ڈائیورژن پلان، معلوماتی سائن بورڈز اور رہنمائی مراکز قائم کیے جائیں گے تاکہ سیاحوں کی آمدورفت کو بہتر انداز میں منظم کیا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان مروت نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے دوران سوات آنے والے سیاح ضلع کے مہمان ہیں، اور ان کی سہولت، حفاظت اور رہنمائی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے تمام اداروں کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں اپنی موجودگی یقینی بنائیں، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے الرٹ رہیں اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کیلئے مؤثر اقدامات کریں۔



