آج کی خبریںقومی خبریں

لاہور کی ایک گلی میں 42 افراد کورونا میں مبتلا، انتظامیہ نے گلی سیل کردی

لاہور(ویب ڈیسک) سوڈیوال کی اسکندریہ کالونی میں ایک ہی گلی میں 42 افراد کے کورونا سے مبتلا ہونے کے بعد گلی کو سیل کردیاگیا۔ پولیس کے مطابق 57 گھروں پر مشتمل اسکندریہ کالونی کی ایک گلی کو مکمل طور پر سیل کیا گیا ہے کیونکہ تین روز قبل ضلعی انتظامیہ نے یہاں 10 افراد کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی تھی۔ پولیس نے بتایا کہ اگلے ہی روز مزید 10 افراد اس وائرس کا شکار ہوئے جب کہ اتوار کو 22 مریض سامنے آئے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق اسکندریہ کالونی کی اس گلی میں اب تک 42 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے، متاثرہ گلی میں رہائش پذیر افراد کے کورونا ٹیسٹ بھی کیے جارہے ہیں۔

 

پولیس کے مطابق ضلعی انتظامیہ اور ٹائیگر فورس کی جانب سے متاثرہ گھروں میں راشن، ادویات اور دیگر ضروری سامان پہنچایا جا رہا ہے۔ اہل علاقہ کے مطابق اسکندریہ کالونی میں ایک شخص چند روز قبل سندھ سے آیا، پہلے اس کے گھر والے وائرس کا شکار ہوئے اور پھر محلے داروں میں بھی کورونا پھیل گیا۔ واضح رہےکہ ملک میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد روزبروز بڑھتی جا رہی ہے، اب تک متاثرین کی تعداد 5300 سے زائد ہو چکی ہے جس میں سے 2594 کا تعلق صوبے پنجاب سے ہے اور صوبے میں 21 ہلاکتیں بھی ہوچکی ہیں۔

Related Articles

Loading...
Back to top button