مالم جبہ کے پہاڑی علاقوں میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن، سوات اور شانگلہ پولیس کی مشترکہ کارروائی

سوات: سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر مالم جبہ اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں پولیس نے سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کیا، جس میں سوات اور شانگلہ پولیس نے مشترکہ طور پر حصہ لیا۔
پولیس کے مطابق ڈی پی او سوات محمد عمر خان کی ہدایات پر تھانہ مالم جبہ پولیس نے ایس ایچ او شریف اللہ خان کی قیادت میں آپریشن کیا، جس میں ایلیٹ فورس، سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ، بی ڈی یو اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار شریک تھے۔
پولیس کے مطابق آپریشن زیرو پوائنٹ، مالم جبہ ٹاپ، آبشار، بلماز سر، بکرئی، قلعہ پٹے، امنوی، سوکئی سر اور ضلع شانگلہ سے ملحقہ سرحدی علاقوں میں کیا گیا۔
کارروائی کے دوران مشتبہ مقامات کی تلاشی لی گئی جبکہ علاقے کے عمائدین سے ملاقاتیں بھی کی گئیں۔ پولیس نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی صورت میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔



