مون سون بارشوں کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر بر سوات کا مختلف مقامات کا دورہ، حفاظتی انتظامات کا جائزہ

بر سوات : مون سون بارشوں کی پیشگوئی کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر بر سوات سہیل احمد خان نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سید محمد عبداللہ اور اسسٹنٹ کمشنر مٹہ محمد ادریس خان کے ہمراہ مٹہ بریج، خوازہ خیلہ بریج، ریسکیو 1122 کے مستقل واٹر پوائنٹس، ریسکیو سنٹر اور ٹورسٹ فیسلیٹیشن سنٹر کا دورہ کیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا اور متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام تیاریاں مکمل رکھنے کی ہدایت کی۔
ڈپٹی کمشنر نے عوام سے اپیل کی کہ مون سون بارشوں کے دوران غیر ضروری طور پر گھروں سے نکلنے سے گریز کریں اور دریاؤں، ندی نالوں اور پانی کے بہاؤ والے مقامات سے دور رہیں۔
انہوں نے جاری ترقیاتی منصوبوں کا بھی معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
ڈپٹی کمشنر نے بازاروں میں غیر قانونی تجاوزات، سائن بورڈز اور دیگر رکاوٹوں کے خلاف جلد کارروائی کرتے ہوئے گرینڈ آپریشن شروع کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔



