وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد قاسم سے نیشنل بینک وفد کی ملاقات، طلبہ کے لیے ڈیجیٹل ادائیگی اور مالی سہولیات پر اتفاق

سوات: یونیورسٹی آف سوات اور نیشنل بینک آف پاکستان (این بی پی) نے طلبہ، اساتذہ اور ملازمین کے لیے جدید بینکاری اور ڈیجیٹل ادائیگی کی سہولیات کے فروغ پر باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
اس سلسلے میں نیشنل بینک آف پاکستان کے اعلیٰ سطحی وفد نے یونیورسٹی آف سوات کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد قاسم سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران طلبہ کے لیے جدید ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام، این بی پی ون بل، او ٹی سی سروسز، اسٹڈی لون، لیپ ٹاپ کی اقساط، فیس فنانسنگ اور دیگر مالی سہولیات سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں اداروں نے مستقبل قریب میں مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کرنے پر بھی اتفاق کیا، جس کے تحت طلبہ، اساتذہ اور یونیورسٹی ملازمین کو جدید بینکاری سہولیات اور مختلف فلاحی منصوبوں سے مستفید ہونے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد قاسم نے نیشنل بینک آف پاکستان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی آف سوات طلبہ کی سہولت، ڈیجیٹل تبدیلی اور مؤثر خدمات کی فراہمی کے لیے ایسے اشتراک کا خیرمقدم کرتی ہے، جو تعلیمی ماحول کو مزید جدید اور سہل بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔



