چین میں کورونا وائرس سے ہلاکتیں 2000 سے تجاوز کر گئیں
بیجنگ(ویب ڈیسک)چین میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 2000 سے تجاوز کر گئی۔ چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق کورونا وائرس کے باعث مزید 136 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔ چینی حکام کے مطابق 136 میں سے 132 ہلاکتیں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبے ہوبئی سے سامنے آئی ہیں، ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 2004 ہو گئی۔ ہیلتھ کمیشن کے مطابق کورونا (کووڈ 19) کے مزید 1749 نئےکیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 74 ہزار 148 ہو گئی ہے۔ دوسری جانب ہانگ کانگ میں بھی کورونا وائرس سے دوسرے شخص کی ہلاکت کی تصدیق ہو گئی ہے۔
گزشتہ روز چین کے شہر ووہان کے اسپتال میں کورونا وائرس کا علاج کرنے والے اسپتال کے ڈائریکٹر بھی وائرس کا شکار ہو کر چل بسے تھے۔ ادھر جاپان نے کورونا وائرس کی تشخیص کے لیے ایچ آئی وی کا طریقہ استعمال کرنے کا اعلان کیا ہے جب کہ چین کے دارالحکومت ٹوکیو کی بندرگاہ پر کھڑے بحری جہاز پر قرنطینہ مکمل ہونے کے بعد مسافروں کو نکالنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ خیال رہے کہ کورونا وائرس کی تشخیص گزشتہ برس 31 دسمبر کو ہوئی تھی جس نے اب تک دنیا کے 30 ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے بھی کورونا وائرس کو سنگین خطرہ قرار دیا جا چکا ہے جب کہ مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے خبردار کیا ہے کہ اگر یہ وبا براعظم افریقا تک پہنچ گئی تو ایک کروڑ سے زیادہ اموات کا باعث بن سکتی ہے۔