آج کی خبریںخیبر پختونخواہ

سوات سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی، فلیش فلڈنگ کا خدشہ

سوات: پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے سوات سمیت خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں کل سے 5 جون تک تیز ہواؤں، گرج چمک اور وقفے وقفے سے بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق سوات، چترال، دیر، شانگلہ، کوہستان، بونیر، مالاکنڈ، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بارشوں کے ساتھ بعض مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ محکمہ نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث سوات اور دیگر بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ موجود ہے۔

اتھارٹی کے مطابق سوات، شانگلہ، مالاکنڈ، بونیر، چترال، دیر، ایبٹ آباد اور کوہستان میں فلیش فلڈنگ کے خدشات بھی ظاہر کیے گئے ہیں، جس کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو پیشگی حفاظتی اقدامات کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہوائیں اور ژالہ باری کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں، درختوں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچا سکتی ہیں، جبکہ کھڑی فصلوں کو بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور متعلقہ محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری وسائل اور عملہ تیار رکھا جائے، جبکہ اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں۔

پی ڈی ایم اے نے عوام اور خصوصاً سوات آنے والے سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ خراب موسمی صورتحال کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ندی نالوں، سیلابی ریلوں اور دیگر خطرناک مقامات سے دور رہیں۔

Related Articles

Loading...
Back to top button