سوات: لاپتہ بچی ریشماں بی بی کی بازیابی کیلئے مٹہ چوک میں احتجاج، پولیس پر شدید تنقید

سوات (عارف احمد) لاپتہ بچی ریشماں بی بی کی بازیابی کے مطالبے کیلئے مٹہ چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں بڑی تعداد میں شہریوں، سماجی رہنماؤں اور اہلِ خانہ نے شرکت کی۔
مظاہرین نے ریشماں بی بی کی عدم بازیابی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پولیس اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوالات اٹھائے۔ مقررین نے کہا کہ بچی کی گمشدگی کو کافی وقت گزر چکا ہے لیکن تاحال اس کی بازیابی ممکن نہیں بنائی جا سکی۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ لاپتہ بچی کو فوری طور پر ہر ممکن وسائل بروئے کار لاتے ہوئے بازیاب کرایا جائے اور واقعے کی شفاف تحقیقات کی جائیں۔
احتجاج کے دوران ریشماں بی بی کی والدہ نے جذباتی انداز میں خطاب کرتے ہوئے اپنی بیٹی کی فوری بازیابی کی اپیل کی، جس پر شرکاء نے حکومت اور پولیس سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔
مظاہرین نے خبردار کیا کہ اگر بچی کو جلد بازیاب نہ کیا گیا تو احتجاجی تحریک کو مزید وسعت دی جائے گی۔



