گبین جبہ میں درختوں کی غیر قانونی کٹائی کی وائرل ویڈیو کا نوٹس، ایک شخص کے خلاف مقدمہ درج

سوات (عارف احمد): سوشل میڈیا پر تحصیل مٹہ کے علاقے گبین جبہ میں درختوں کی کٹائی سے متعلق وائرل ویڈیو کا محکمہ جنگلات اپر سوات نے فوری نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

ڈویژنل فاریسٹ آفیسر اپر سوات، عزت شیر خان نے ایس ڈی ایف او مٹہ اور متعلقہ فیلڈ اسٹاف کے ہمراہ موقع کا تفصیلی معائنہ کیا اور واقعے کے حقائق کا جائزہ لیا۔

محکمہ جنگلات کے مطابق تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ ایک مقامی شخص نے غیر قانونی طور پر ایک پرانے اور خشک "ونڈ فال” قسم کے بنج درخت کے ایک حصے کو ایندھن کے لیے کاٹا تھا۔

واقعے میں ملوث شخص کے خلاف خیبر پختونخوا فاریسٹ آرڈیننس 2002 کے تحت ڈیمیج رپورٹ نمبر 12/33 درج کر لی گئی ہے، جبکہ استعمال ہونے والا چین سا اور حاصل کی گئی جلانے کی لکڑی بھی سرکاری تحویل میں لے لی گئی ہے۔ مزید قانونی کارروائی کے لیے مقدمہ فاریسٹ مجسٹریٹ، تحصیل مٹہ کو ارسال کر دیا گیا ہے۔

محکمہ جنگلات اپر سوات نے واضح کیا ہے کہ جنگلات، قدرتی وسائل اور قومی اثاثوں کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ محکمہ نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ غیر قانونی کٹائی یا کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

Show More
Back to top button