کبل میں شادی کی تقریب کے دوران آتش بازی کا دھماکہ، ایک نوجوان جاں بحق، دو زخمی

سوات (عارف احمد) تحصیل کبل کے علاقے ڈڈھارہ میں شادی کی تقریب کے دوران آتش بازی کے باعث ہونے والے دھماکے میں ایک نوجوان جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق حسنین خان ولد جاوید خان کی شادی کی تقریب جاری تھی، جہاں بعض شرکاء آتش بازی اور پٹاخے چلا رہے تھے۔ اس دوران چند پٹاخے قریبی پتھروں کے درمیان جا گرے اور اچانک زور دار دھماکے سے پھٹ گئے۔
واقعے کے نتیجے میں اعزاز احمد ولد فضل وہاب موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ داؤد خان اور زرک خان، دونوں پسران جاوید خان، زخمی ہو گئے۔
اطلاع ملتے ہی مقامی افراد اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کبل منتقل کر دیا گیا۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔


