تھانہ کانجو پولیس کی کارروائی، اسلحے کے زور پر شہری کو لوٹنے والے بین الاضلاعی ملزمان گرفتار

سوات: تھانہ کانجو پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسلحے کے زور پر شہری کو لوٹنے والے بین الاضلاعی ملزمان کو گرفتار کر کے چھینی گئی نقدی اور قیمتی موبائل فونز برآمد کر لیے۔
پولیس کے مطابق ڈی پی او سوات محمد عمر خان کی ہدایت پر ایس ایچ او تھانہ کانجو محمد زیب خان نے اپنی ٹیم کے ہمراہ سی سی ٹی وی فوٹیج اور جدید تکنیکی ذرائع کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے واردات میں ملوث بین الاضلاعی ملزمان کو ٹریس کرکے گرفتار کر لیا۔
گرفتار ملزمان کی شناخت سمیر ولد شہاب اور اویس ولد آصف خان، ساکنان پڑانگ، ضلع چارسدہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے شہری سے چھینے گئے دو موبائل فونز، جن میں آئی فون 16 پرو میکس اور ہواوے موبائل شامل ہیں، کے علاوہ نقدی رقم بھی برآمد کر لی ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ ان سے مزید انکشافات کی بھی توقع ہے۔



