سیف اللہ جھیل کی لاپتہ لڑکی کی تلاش کے دوران دریائے سوات سے خاتون کی لاش برآمد، شناخت کا عمل جاری

سوات(عارف احمد): سیف اللہ جھیل کالام میں لاپتہ لڑکی کی تلاش کے لیے ریسکیو 1122 کا واٹر سرچ آپریشن مسلسل 14ویں روز بھی جاری رہا۔ اس دوران گزشتہ روز بحرین کے مقام پر ایک خاتون کے دریائے سوات میں چھلانگ لگانے کی اطلاع موصول ہونے کے بعد سرچ آپریشن کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا۔
ریسکیو 1122 کی واٹر ریسکیو اور سرچ ٹیم نے آپریشن کے دوران دریائے سوات سے ایک خاتون کی لاش برآمد کر لی۔ لاش کو دریا سے نکال کر ضروری قانونی کارروائی اور شناخت کے لیے مدین ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق برآمد ہونے والی لاش کی حتمی شناخت لواحقین کی تصدیق کے بعد ہی ممکن ہو سکے گی۔ شناخت مکمل ہونے کے بعد یہ واضح کیا جائے گا کہ آیا یہ لاش سیف اللہ جھیل کالام میں لاپتہ ہونے والی لڑکی کی ہے یا بحرین کے مقام پر دریائے سوات میں چھلانگ لگانے والی خاتون کی۔
ریسکیو 1122 سوات نے عوام سے اپیل کی ہے کہ حتمی تصدیق سے قبل غیر مصدقہ خبروں اور افواہوں پر یقین نہ کریں۔ ادارے کے مطابق شناخت اور قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد مزید معلومات باضابطہ طور پر جاری کی جائیں گی۔


