رسوات : مٹہ میں کمشنر ملاکنڈ کی زیرِ صدارت جرگہ، امن و امان برقرار رکھنے اور عوامی تعاون بڑھانے پر اتفاق

مٹہ: مجوزہ ضلع برسوات کے قیام کے تناظر میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے اور عوامی تعاون کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ضلعی ہیڈکوارٹر مٹہ میں کمشنر ملاکنڈ ڈویژن مسعود احمد کی زیرِ صدارت ایک اہم جرگہ منعقد ہوا۔

تفصیلات کے مطابق جرگے میں ڈائیونل انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) ملاکنڈ ڈویژن سید فدا حسن شاہ، ڈپٹی کمشنر برسوات سہیل احمد خان، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) برسوات مشتاق احمد خان، رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر امجد علی خان سمیت دیگر سول و پولیس حکام اور علاقائی عمائدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ جرگے کے دوران معززین اور مشران نے امن و امان کے قیام، عوامی مسائل کے حل اور پولیس و عوام کے مابین باہمی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ملاکنڈ مسعود احمد کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں امن و امان کی صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے اور انتظامیہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ ڈی آئی جی ملاکنڈ سید فدا حسن شاہ نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ عوام اور پولیس کے درمیان اعتماد ہی پائیدار امن کی بنیاد ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ مشکوک سرگرمیوں کی بروقت اطلاع دے کر پولیس کا ساتھ دیں تاکہ شرپسند عناصر کے عزائم کو ناکام بنایا جا سکے۔ انہوں نے اعادہ کیا کہ ملاکنڈ ڈویژن، سوات اور مجوزہ ضلع برسوات میں امن و استحکام کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

Show More
Back to top button