کالام میں ماحولیاتی خلاف ورزیوں پر کارروائی، متعدد ہوٹلوں کو نوٹس جاری

سوات : کالام میں ماحولیاتی آلودگی اور سیوریج نظام کی خلاف ورزیوں پر کارروائی کرتے ہوئے متعدد ہوٹلوں کو نوٹس جاری کر دیے گئے۔
اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے عوامی ایجنڈا اور گڈ گورننس روڈ میپ کے تحت معاون خصوصی برائے سیاحت و ثقافت ملک عدیل اقبال اور سیکرٹری سیاحت سعادت حسن کی ہدایات پر ڈائریکٹر جنرل اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی شوذب عباس کی نگرانی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹیکنیکل یوسف شاہ نے ٹورازم پولیس کے ہمراہ کالام کے مختلف ہوٹلوں کا معائنہ کیا۔
معائنے کے دوران ہوٹلوں میں سیوریج نظام، نکاسی آب اور ماحولیاتی قوانین پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ حکام کے مطابق سن رائز ہوٹل کے سامنے جلبنڑ روڈ پر نکاسی آب کا راستہ بند پایا گیا، جسے کھولنے سے متعلق متعلقہ شخص کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے اسسٹنٹ کمشنر بحرین کو مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق رازیڈور ہوٹل میں سیوریج کا پانی سڑک پر بہتا ہوا پایا گیا، جبکہ حجرہ ہوٹل کے سامنے بھی نکاسی آب کا راستہ بند تھا۔ دونوں ہوٹلوں کی انتظامیہ کو مسائل کے حل کے لیے سات روز کی مہلت دیتے ہوئے نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔
اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ترجمان سعید الرحمان نے کہا کہ سیاحتی علاقوں میں صفائی، ماحولیاتی تحفظ اور مؤثر نکاسی آب کے نظام کو یقینی بنانے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔



