شلخو سر آپریشن میں شہید ایلیٹ فورس اہلکار گلفام خان کی نمازِ جنازہ سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا

سوات: سوات کے علاقے شلخو سر میں مسلح افراد کے خلاف آپریشن کے دوران شہید ہونے والے ایلیٹ فورس کے اہلکار گلفام خان کی نمازِ جنازہ منگل کے روز پولیس لائن سوات میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔

نمازِ جنازہ میں کمشنر ملاکنڈ مسعود احمد، ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) ملاکنڈ سید فدا حسن شاہ، کمانڈر 6 بریگیڈ بریگیڈیئر عامر جمال، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) سوات محمد عمر خان، پاک فوج اور پولیس کے افسران، سول انتظامیہ کے حکام، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی، جبکہ ان کی خدمات اور قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

آر پی او ملاکنڈ سید فدا حسن شاہ نے کہا کہ پولیس کے شہداء نے امن و امان کے قیام اور عوام کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے اور ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

نمازِ جنازہ کے بعد شہید گلفام خان کا جسدِ خاکی سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی علاقے کوہاٹ روانہ کر دیا گیا، جہاں انہیں سپردِ خاک کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ گلفام خان گزشتہ شب شلخو سر، حدود تھانہ شاہ ڈھیرئی میں مسلح افراد کے خلاف جاری آپریشن کے دوران شہید ہوئے تھے۔

Show More
Back to top button