بابوزئی سروس ڈیلیوری سینٹر کا معائنہ، عوام کو بروقت اور شفاف خدمات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت

سوات (نمائندہ خصوصی): ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان مروت کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف و ہیومن رائٹس) نعمت اللہ نے بابوزئی سروس ڈیلیوری سینٹر کا دورہ کرکے عوام کو فراہم کی جانے والی ریونیو خدمات کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران انہوں نے مختلف کاؤنٹرز کا معائنہ کیا، عملے سے ملاقات کی اور سروس ڈیلیوری سینٹر میں موجود شہریوں سے براہِ راست گفتگو کرتے ہوئے انہیں فراہم کی جانے والی سہولیات، خدمات کے معیار اور درپیش مسائل سے متعلق معلومات حاصل کیں۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ شہریوں کو بروقت، شفاف اور خوش اخلاقی کے ساتھ خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ عوام کو سرکاری دفاتر میں بہتر سہولیات میسر آ سکیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق عوام کو معیاری، مؤثر اور بروقت خدمات کی فراہمی کے لیے مختلف سرکاری اداروں کی کارکردگی کی نگرانی کا عمل جاری رکھا جائے گا۔



