یونیورسٹی آف سوات: بحال ہونے والے افسران محبوب الرحمان اور صغیر احمد کا ایمپلائز ایسوسی ایشن کی جانب سے استقبال

سوات: یونیورسٹی آف سوات ایمپلائز ایسوسی ایشن (سپورٹ اسٹاف) نے ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ محبوب الرحمان اور صغیر احمد کو دوبارہ بحال ہونے اور اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کا خیرمقدم کیا۔

ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق استقبالی ملاقات میں صدر ڈاکٹر رحیم بہادر، نائب صدر شاکر اللہ، جنرل سیکرٹری اسامہ حبیب اور کابینہ کے دیگر اراکین نے دونوں افسران سے ملاقات کی۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے انتظامی امور، ملازمین کی فلاح و بہبود، باہمی تعاون اور ادارے کی ترقی سے متعلق مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

پریس ریلیز کے مطابق محبوب الرحمان اور صغیر احمد نے ایسوسی ایشن کے کردار کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ یونیورسٹی کے بہترین مفاد، ادارہ جاتی استحکام اور ملازمین کے جائز مسائل کے حل کے لیے انتظامیہ اور ملازمین کے درمیان تعاون اور روابط کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

ایسوسی ایشن نے امید ظاہر کی کہ دونوں افسران کی واپسی سے یونیورسٹی کے انتظامی اور تعلیمی امور کو مزید مؤثر انداز میں آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔

Show More
Back to top button