سوات: شادی بیاہ کی تقریبات میں رقص کرنے پر نوجوان پر تشدد، باپ، تین بیٹے اور چچا گرفتار

سوات: مدین میں شادی بیاہ اور دیگر تقریبات میں رقص کرنے پر نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنانے، بال کاٹنے اور چہرہ کالا کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے نوجوان کے والد، تین بھائیوں اور چچا کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق گزشتہ روز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں چند افراد کو ایک بند کمرے میں نوجوان کے بال کاٹتے، اسے تشدد کا نشانہ بناتے اور اس کا چہرہ کالا کرتے دیکھا گیا۔
ڈی پی او بر سوات مشتاق احمد کے نوٹس پر ایس ایچ او تھانہ مدین عزیز خان نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ویڈیو میں ملوث افراد کو ٹریس کرکے گرفتار کرلیا۔
گرفتار ملزمان میں نوجوان کا والد عقل محمد، بھائی احسان، برکت علی اور انور علی جبکہ چچا تاج محمد شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق ملزم والد نے اپنے بیٹوں اور بھائی کے ہمراہ شادی بیاہ اور دیگر تقریبات میں رقص کرنے پر اپنے بیٹے گران باچا کو تشدد کا نشانہ بنایا، اس کے بال کاٹے اور چہرہ کالا کیا۔
پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کرلیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔



