سوات: بئیون گاؤں میں کیمپنگ پوڈز کے قیام کا منصوبہ، 15 سالہ لیز معاہدہ طے پاگیا

سوات: بئیون گاؤں میں ایکو ٹورازم کے فروغ اور سیاحوں کے لیے جدید رہائشی سہولیات کی فراہمی کے لیے کیمپنگ پوڈز کے قیام کا منصوبہ شروع کر دیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی (CTA) اور اقوامِ متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (UNDP) کی ٹیم نے ڈائریکٹر کلچر اینڈ ٹورازم محمد علی سید اور ایکو ٹورازم و کیمپنگ ولیج پراجیکٹ کے پراجیکٹ کوآرڈینیٹر عمر عباسی کی قیادت میں ڈپٹی کمشنر سوات سہیل احمد خان کے دفتر کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران بئیون گاؤں میں کیمپنگ پوڈز کے قیام کے منصوبے کے حوالے سے مقامی زمین مالکان کے ساتھ 15 سالہ لیز معاہدے پر دستخط کیے گئے۔
اس موقع پر حکام کا کہنا تھا کہ منصوبے کا مقصد بئیون سمیت علاقے میں ایکو ٹورازم کو فروغ دینا، سیاحوں کو معیاری رہائشی سہولیات فراہم کرنا اور مقامی آبادی کے لیے روزگار و معاشی مواقع پیدا کرنا ہے۔
ڈپٹی کمشنر سوات سہیل احمد خان نے منصوبے کو سیاحت کے فروغ، مقامی وسائل کے پائیدار استعمال اور علاقے کی معاشی ترقی کے لیے خوش آئند قرار دیا۔



