ڈینگی وائرس کے پھیلاؤ کا خدشہ، سوات انتظامیہ نے حفاظتی اقدامات مزید مؤثر بنا دیے

سوات: ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان مروت کی خصوصی ہدایات پر ضلعی انسدادِ ڈینگی و ریسپانس یونٹ کا اہم اجلاس ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) سوات محب اللہ خان یوسفزئی کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر میں ڈینگی وائرس کی صورتحال، حفاظتی اقدامات اور روک تھام کے لیے جاری سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ڈسٹرکٹ ڈینگی فوکل پرسن/ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سوات ڈاکٹر فضل عارف نے ڈینگی کے سدباب کے لیے کیے جانے والے اقدامات، مختلف محکموں کی کارکردگی اور گزشتہ اجلاس میں جاری ہدایات پر عملدرآمد کے حوالے سے بریفنگ دی۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف و ہیومن رائٹس) سوات نعمت اللہ، تمام اسسٹنٹ کمشنرز، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سوات، واٹر اینڈ سینیٹیشن سروسز کمپنی، محکمہ تعلیم، سوشل ویلفیئر، سول ڈیفنس، لوکل گورنمنٹ، تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) محب اللہ خان یوسفزئی نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ڈینگی مچھر کے خاتمے کے لیے اسپرے، فومیگیشن اور صفائی کے اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ مچھر کی افزائش کو بروقت روکا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ انسدادِ ڈینگی صرف انتظامیہ کی ذمہ داری نہیں بلکہ عوام اور تمام اداروں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ اس حوالے سے عوامی آگاہی مہمات کو مزید فعال بنانے اور اسکولوں، تعلیمی اداروں اور عوامی مقامات پر آگاہی پروگرام منعقد کرنے کی ہدایت کی گئی۔

اجلاس میں تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ٹائر شاپس، بلاک فیکٹریوں، نرسری فارمز اور دیگر مقامات کے معائنے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں، جبکہ محکمہ صحت کو ہسپتالوں میں ڈینگی مریضوں کے لیے آئسولیشن وارڈز فعال رکھنے کی تاکید کی گئی۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوات نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کے تحفظ کو اولین ترجیح دیتی ہے اور ڈینگی کے خلاف جاری اقدامات میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

Show More
Back to top button