فلک سر ریسکیو آپریشن کا باقاعدہ آغاز، آپریشن کا تقریباً 95 فیصد حصہ پیدل مکمل کیا جائے گا، ٹیم کیمپ ون کی جانب روانہ،

برسوات کالام: فلک سر پر کوہ پیما میاں سید علی شاہ کے جسدِ خاکی کی واپسی کے لیے ریسکیو آپریشن آج صبح 6 بجے باقاعدہ شروع کر دیا گیا۔

آپریشن کے پہلے مرحلے میں ہیلی کاپٹر نے تین ٹرپس کے ذریعے ریسکیو ٹیم کے تمام ارکان کو فلک سر بیس کیمپ تک پہنچایا، جہاں سے ٹیم کیمپ ون کی جانب روانہ ہوگئی ہے۔

ذرائع کے مطابق منصوبے کے تحت ریسکیو ٹیم کو کیمپ ٹو تک پہنچنے میں تقریباً تین روز لگ سکتے ہیں، جبکہ پہاڑ پر موجود جسدِ خاکی تک رسائی حاصل کرنے کے لیے مزید ایک دن درکار ہوگا۔ جسدِ خاکی کو واپس لانے کا سفر بھی تقریباً سات روز پر محیط ہونے کا امکان ہے۔

ریسکیو آپریشن کے دوران جدید وائرلیس سسٹم کے ذریعے ٹیم سے رابطہ بحال رکھنے کا انتظام کیا گیا ہے، جبکہ جسدِ خاکی کو بحفاظت نیچے لانے کے بعد ہیلی کاپٹر کے ذریعے بیس کیمپ سے کانجو منتقل کیا جائے گا۔

ریسکیو آپریشن کی مجموعی نگرانی 6 بریگیڈ کے بریگیڈیئر عامر احمد کر رہے ہیں، جبکہ ضلع سوات انتظامیہ کی جانب سے تمام ضروری انتظامات کی نگرانی کی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق آپریشن کا تقریباً 95 فیصد حصہ پیدل مکمل کیا جائے گا، تاہم ہیلی کاپٹر کے ذریعے مزید معاونت کی صورت میں سفر کا دورانیہ تین روز تک کم ہو سکتا ہے۔

Show More
Back to top button