رحیم آباد پولیس کی کارروائی، منشیات فروشی میں ملوث 10 خاندانوں کو علاقہ بدر کردیا گیا

سوات: تھانہ رحیم آباد پولیس نے منشیات فروشی اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں مبینہ طور پر ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 10 خاندانوں کو علاقہ بدر کردیا۔

ترجمان سوات پولیس کے مطابق عوامی شکایات اور ڈی پی او سوات محمد عمر خان کے نوٹس پر ایس ایچ او تھانہ رحیم آباد فضل رحیم خان نے پولیس ٹیم اور علاقہ عمائدین کے تعاون سے کارروائی کی۔

پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران منشیات فروشی اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کو خاندانوں سمیت اپنے ملکیتی اور کرایہ کے گھروں سے بے دخل کرکے علاقہ بدر کیا گیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق کارروائی میں ملک آباد تختہ بند، شین باغ قمبر، فارم کورونہ رحیم آباد، قمبر، میزوڈھیرئی، رحمان آباد، اینگروڈھیرئی اور اوڈیگرام سمیت مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے خلاف کارروائی کی گئی۔

ڈی پی او سوات محمد عمر خان نے کہا ہے کہ پرامن معاشرے میں بدامنی اور بدنامی کا باعث بننے والے عناصر کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ منشیات سے پاک معاشرے کا قیام سوات پولیس کی ترجیح ہے اور نوجوان نسل کا مستقبل تباہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رہیں گی۔

Show More
Back to top button