ڈپٹی کمشنر سوات کی خصوصی کھلاڑیوں کی ایسوسی ایشن کے صدر سے ملاقات، مسائل کے حل اور سہولیات کی فراہمی کی یقین دہانی

سوات: ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان مروت نے خصوصی کھلاڑیوں کی ایسوسی ایشن کے صدر سے ملاقات کی، جس میں خصوصی افراد اور خصوصی کھلاڑیوں کو درپیش مسائل، کھیلوں کے فروغ اور انہیں بہتر سہولیات و مواقع فراہم کرنے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر سوات نے کہا کہ خصوصی افراد معاشرے کا نہایت اہم اور قابلِ قدر حصہ ہیں اور ان میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں۔ مناسب مواقع، سہولیات اور حوصلہ افزائی کے ذریعے وہ نہ صرف اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرسکتے ہیں بلکہ ضلع سوات اور ملک کا نام بھی روشن کرسکتے ہیں۔
انہوں نے خصوصی افراد کی فلاح و بہبود اور خصوصی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بھرپور تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی اور مستقبل میں ان کے لیے مختلف کھیلوں اور مثبت سرگرمیوں کے انعقاد کے عزم کا اظہار کیا۔



