مینگورہ میں چوہوں اور آوارہ کتوں کی روک تھام کے لیے اقدامات کا فیصلہ، ڈی سی سوات کی متعلقہ اداروں کو ہدایت

سوات: ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان مروت کی زیرِ صدارت مینگورہ شہر اور گردونواح میں چوہوں کی افزائش و پھیلاؤ کی روک تھام اور آوارہ کتوں سمیت باؤلے پن کے مشتبہ شکار کتوں سے متعلق عوامی تحفظ کے اقدامات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس اینڈ پلاننگ) سوات سید نعمان علی شاہ، جنرل منیجر آپریشنز ڈبلیو ایس ایس سی سوات، تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن بابوزئی اور محکمہ بلدیات کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں متعلقہ اداروں نے مسائل کے حل کے لیے تجاویز اور مجوزہ اقدامات پیش کیے۔ ڈپٹی کمشنر سوات نے متعلقہ محکموں کو چوہوں کی روک تھام، صفائی ستھرائی کے انتظامات بہتر بنانے اور آوارہ کتوں سے متعلق شکایات کے ازالے کے لیے مؤثر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ باؤلے پن کے مشتبہ شکار کتوں سے نمٹنے کے لیے ماہرین کی معاونت سے محفوظ اور مربوط اقدامات کیے جائیں جبکہ تمام ادارے باہمی رابطے کے ساتھ کام کریں تاکہ شہریوں کو محفوظ اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی کہ صفائی کا خیال رکھیں، کوڑا کرکٹ مقررہ مقامات پر ڈالیں اور آوارہ یا باؤلے پن کے مشتبہ شکار کتوں کو خود پکڑنے یا چھیڑنے سے گریز کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو اطلاع دیں۔



