شوکت علی یوسفزئی کی زیرِ صدارت رائٹ ٹو سروسز کمیشن کا اجلاس، شہریوں کی شکایات پر کارروائی

پشاور: خیبرپختونخوا رائٹ ٹو پبلک سروسز کمیشن نے چار متاثرہ شہریوں کی شکایات پر کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو مسائل کے فوری ازالے کے احکامات جاری کردیئے۔

کمشنر رائٹ ٹو پبلک سروسز کمیشن شوکت علی یوسفزئی کی موجودگی میں دو رکنی بینچ نے شہریوں کی شکایات کی سماعت کی، جس میں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے افراد نے اپنے مسائل پیش کیے۔

کوہاٹ کے شہری محمد جنید نے زمین کے قبضے کے معاملے پر ایف آئی آر کے اندراج کے لیے درخواست دی، جس پر کمیشن نے ڈی پی او کوہاٹ کو شہری کو ذاتی طور پر سننے اور مسئلہ حل کرنے کی ہدایت کی۔

ہنگو کے شہری عارف اللہ نے زمین کے تنازعے اور پولیس کی جانب سے ایف آئی آر درج نہ کرنے کی شکایت کی، جس پر کمیشن نے ڈی پی او ہنگو کو فوری کارروائی کی ہدایت جاری کردی۔

اسی طرح شمالی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے شہری شہاب الدین نے کچہرا ہٹانے کے حوالے سے شکایت پیش کی، جس پر متعلقہ محکمے کو مسئلے کے فوری حل کے احکامات دیے گئے۔

شوکت علی یوسفزئی نے کہا کہ عوامی خدمات کی بروقت فراہمی کے لیے رائٹ ٹو سروسز ایکٹ پر عملدرآمد ناگزیر ہے اور کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

کمیشن نے کہا کہ صوبے میں شفاف طرز حکمرانی اور عوامی خدمات کی مؤثر فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

Show More
Back to top button